گرین بس کا شیشہ پتھر مار کر توڑنے والا ملزم گرفتار

جہلم: حکومت پنجاب کی جانب سے چلائی جانے والی گرین بس کا شیشہ پتھر مار کر توڑنے والے ملزم کو جہلم پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں نامعلوم شخص نے گرین بس پر پتھر مار کر اس کا شیشہ توڑ دیا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کی اور ملزم کو قلیل وقت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ عوامی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سرکاری منصوبوں اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



