مین بازار کو ماڈرن بازار بنانے کا منصوبہ، خوبصورت دروازوں کی تنصیب کا کام شروع

دینہ:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر دینہ مین بازار کو ماڈرن بازار بنانے کے منصوبے کے تحت بازار کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے لیے تمام مارکیٹس اور گلیوں کے داخلی راستوں پر خوبصورت دروازے نصب کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان نے مین بازار کا دورہ کیا اور مختلف مارکیٹس اور گلیوں کے فرنٹ پر نصب کیے گئے دروازوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے جاری کام کا جائزہ لیا جبکہ بازار اور گلیوں کے داخلی راستوں پر لگائے گئے خوبصورت دروازوں سے مین بازار کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان نے کہا کہ دینہ کا مین بازار ماڈرن بازار میں تبدیل ہونے کے بعد علاقے کے خوبصورت ترین بازاروں میں شمار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور شہریوں کو بہتر، خوبصورت اور جدید ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



