جہلم میں ارتھ آور کے عالمی دن کے موقع پر شجرکاری مہم کا آغاز

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر "ارتھ آور 2026” کے عالمی دن کے موقع پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ بابر، ڈی ای او لٹریسی میمونہ انجم اور ڈپٹی کمشنر کے پرسنل اسٹاف آفیسر عمر بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے اس موقع پر بچوں میں پھلوں اور پھولوں کے پودے بھی تقسیم کیے اور انہیں ماحول دوستی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بچوں کو ترغیب دی کہ وہ ان پودوں کی خود دیکھ بھال کریں تاکہ ان میں فطرت سے محبت اور ذمہ داری کا احساس پیدا ہو سکے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے کلین اینڈ گرین وژن کے تحت ضلع بھر میں ہریالی لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ بابر نے ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ ڈی ای او لٹریسی میمونہ انجم نے تعلیمی سطح پر شجرکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر پرسنل اسٹاف آفیسر عمر بٹ نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگایا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔



