دریائے جہلم میں ڈوبنے والے 17 سالہ نوجوان کی لاش مل گئی

جہلم: دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والے 17 سالہ نوجوان کی لاش دو روز بعد مل گئی جس کے بعد اسے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا اور بعد ازاں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
دو روز قبل جہلم کے علاقے چونترہ کے قریب دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے کریم پورہ کا رہائشی 17 سالہ نوجوان نعمان ولد محمود اچانک گہرے پانی میں چلا گیا تھا اور ڈوب گیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سکوبا ڈائیونگ کے ذریعے نوجوان کی تلاش شروع کر دی گئی تھی۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھتے ہوئے مختلف مقامات پر پانی میں تلاش کا عمل جاری رکھا اور بالآخر نوجوان کی لاش دریا سے نکال لی۔
لاش کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا جبکہ بعد ازاں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
واقعہ پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور شہریوں نے نوجوان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔



