گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرینس، ذخیرہ اندوزوں کو جیل اور دکانیں سیل ہوں گی، میر رضا اوزگن

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ حکومتی ریلیف کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور صرف دفاتر تک محدود نہ رہیں۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو پابند کیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر منڈیوں اور بازاروں کے نرخوں کی نگرانی کریں اور مقررہ قیمتوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف زیرو ٹولرینس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ قانون شکنی کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ براہِ راست جیل بھیجا جائے اور خلاف ورزی پر دکانیں سیل کر دی جائیں۔ متعلقہ عملے اور مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی کہ تمام دکانوں پر سرکاری نرخ ناموں کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
اجلاس کے اختتام پر انہوں نے اعادہ کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے متحرک رہیں گے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔



