جہلم پولیس کی اہم کارروائی، غیر قانونی طور پر مقیم دو افغان شہری گرفتار، ہولڈنگ کیمپ منتقل

جہلم پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے دو افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور جہلم میں تھانہ سٹی پولیس نے کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 2 افغان شہریوں کو تحویل میں لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار غیر ملکی شہریوں کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو کسی صورت مکان، دکان یا گاڑی کرایہ پر نہ دیں۔ غیر قانونی مقیم غیر ملکی کسی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت نہیں کر سکتے۔ جبکہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اپنی رجسٹریشن متعلقہ تھانے میں کروانا لازم ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کی موجودگی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
اس حوالے سے طارق عزیز سندھو نے واضح کیا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ ظلم یا ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، تاہم غیر قانونی رہائش رکھنے والوں کو یہاں قیام کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ شہریوں کا تعاون امن و امان کے قیام اور قانون کی عملداری کے لیے نہایت ضروری ہے، اور جہلم پولیس اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔



