سپر ہینڈز کالج سٹوڈنٹ سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران کی باوقار حلف برداری

دینہ: سپر ہینڈز کالج سٹوڈنٹ سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران کی باوقار حلف برداری کی تقریب علامہ اقبال سکول اسلام گڑھ میں نہایت جوش و خروش اور نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں اساتذہ، طلباء اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی۔
حلف برداری کی اس پروقار تقریب میں چیئرمین سپر ہینڈز چیرٹی یوکے عبدالقیوم چوہدری نے برطانیہ سے بذریعہ ویڈیو لنک خصوصی شرکت کی، جبکہ منیجر علامہ اقبال سکولز تاسب حسین چوہدری، ایڈمن عادل حسین، پرنسپل علامہ اقبال سکول اسلام گڑھ محمد اسلم ملک، پرنسپل علامہ اقبال سکول دینہ عذرا نسرین، اساتذہ کرام اور کالج کے طلباء بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد سٹوڈنٹ سوسائٹی کے اغراض و مقاصد بیان کیے گئے۔
منیجر علامہ اقبال سکولز تاسب حسین چوہدری نے سپر ہینڈز کالج سٹوڈنٹ سوسائٹی کے نومنتخب صدر محمد یاسر جان، جنرل سیکرٹری کنیز فاطمہ اور فنانس سیکرٹری طیبہ ریاست سے ان کے عہدوں کا باقاعدہ حلف لیا۔ نومنتخب عہدیداران نے دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کا عہد کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجر تاسب حسین چوہدری نے کہا کہ سٹوڈنٹ سوسائٹی طلباء میں قیادت اور خدمت کا جذبہ پیدا کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم ہے اور نئی قیادت ادارے کا نام روشن کرے گی۔
پرنسپل علامہ اقبال سکول اسلام گڑھ محمد اسلم ملک نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا مقصد صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ کردار سازی بھی ہے اور ایسی سرگرمیاں طلباء کی عملی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
برطانیہ سے بذریعہ ویڈیو لنک خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپر ہینڈز چیرٹی یوکے عبدالقیوم چوہدری نے کہا کہ سپر ہینڈز چیرٹی کا وژن تعلیم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ان میں قیادت اور خدمت کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف ادارے بلکہ اپنے علاقے اور ملک کا نام بھی روشن کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سپر ہینڈز چیرٹی طلباء کی فلاح و ترقی کے لیے اپنا کام جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل علامہ اقبال سکول دینہ عذرا نسرین نے مہمانوں، اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جبکہ شرکاء نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔



