چوری اور موٹر سائیکل وارداتوں میں ملوث دیمی گینگ کے 3 ملزمان گرفتار

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چوری اور موٹر سائیکل کی متعدد وارداتوں میں ملوث دیمی گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ سونا، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر لیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے کی۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے سونا مالیتی 9 لاکھ روپے، چوری شدہ موٹر سائیکل، مال مسروقہ بیچ کر حاصل کی گئی 30 ہزار روپے نقدی اور مجموعی طور پر 9 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان طویل عرصے سے علاقے میں چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے اور شہریوں کے قیمتی اثاثے لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔
تھانہ ڈومیلی نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جن کی بنیاد پر انہیں چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس کا عزم ہے کہ ضلع جہلم کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے اور قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔



