سیلاب کے بعد مہنگائی کا طوفان، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے دور، شہری پریشان

جہلم: ضلع جہلم میں سیلاب نے جہاں کھیت کھلیان اجاڑ دیے، وہیں شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
جہلم شہر اور مضافاتی بازاروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ بعض بنیادی سبزیاں بازاروں سے تقریباً غائب ہو چکی ہیں۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چکن، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مرغی کے گوشت کا سرکاری ریٹ 594 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں 630 سے 650 روپے فی 800 گرام تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ صافی گوشت 720 روپے اور بون لیس ایک ہزار 30 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔
سبزیوں میں بھی قیمتوں کا طوفان آیا ہوا ہے۔ ٹماٹر 132 روپے کے بجائے 200 سے 250 روپے فی کلو، پیاز 70 کے بجائے 90، آلو 58 کے بجائے 90، بینگن 115 کے بجائے 200، بھنڈی 140 کے بجائے 200، کھیرا 108 کے بجائے 150 اور شملہ مرچ 165 کے بجائے 250 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔
پھلوں کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ کیلا 140 کے بجائے 200 روپے، سیب گاچہ 225 کے بجائے 300 روپے، آڑو 195 کے بجائے 250 روپے، گرما 140 کے بجائے 200 روپے اور امرود 125 کے بجائے 200 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔
دوسری جانب مضافاتی علاقوں کے بازاروں میں ٹماٹر، پیاز، دھنیا اور پودینہ جیسی سبزیاں تقریباً ناپید ہو چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سبز مصالحہ جات کی بنیادی سبزیوں کے بغیر کھانا پکانا مشکل ہوگیا ہے اور انتظامیہ کی خاموشی نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔



