پیکا ایکٹ کی منظوری کے بعد صحافیوں کو مزید قانونی پیچیدگیوں اور دباؤ کا سامنا ہے، چوہدری عابد محمود

جہلم پریس کلب کے چیئرمین چوہدری عابد محمود نے کہا ہے کہ صحافت محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک کٹھن جدوجہد ہے، یہ پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا بستر ہے۔ صحافت کرنا جان جوکھوں کا کام ہے اور اس راہ پر چلنا بڑی قربانی اور مستقل مزاجی کا متقاضی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صحافی بننا شاید آسان ہو، مگر صحافی بن کر ایمانداری، سچائی اور اصولوں کے ساتھ قائم رہنا بے حد مشکل ہے۔ ماضی میں پرنٹ میڈیا کے دور میں بھی صحافیوں کو مشکلات، دباؤ اور نامساعد حالات کا سامنا رہا ہے اور آج کے دور میں یہ چیلنجز مزید پیچیدہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافت ایک ایسا شعبہ ہے جس میں اکثر اوقات اپنے ہوں یا پرائے، بلا تفریق ناراضی اور تحفظات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ پیکا ایکٹ کی منظوری کے بعد صحافیوں کو مزید قانونی پیچیدگیوں اور دباؤ کا سامنا ہے، جس نے اس پیشے کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔
چوہدری عابد محمود نے زور دیا کہ آج ہمیں آزاد صحافت سے بڑھ کر ذمہ دارانہ صحافت کی ضرورت ہے۔ ایسے حالات میں صحافت اور صحافیوں کی بقا کا واحد راستہ اتحاد اور یکجہتی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے حقوق اور آزادیٔ اظہار کی حفاظت کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف صحافتی فورمز کی قیادت کو گروہی تقسیم سے ہٹ کر مشترکہ مقاصد کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ صحافی برادری کے مسائل اجاگر کیے جا سکیں اور ان کے پائیدار حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جا سکیں۔



