جہلم پولیس کے عید الاضحیٰ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اور حفاظتی انتظامات، 639 پولیس اہلکار تعینات

جہلم پولیس کے عید الاضحیٰ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اور حفاظتی انتظامات، مجموعی طور پر پولیس کے 639 کے قریب پولیس جوان و افسران مساجد ، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر عید کی ڈیوٹیز سر انجام دیں گے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور دیگر حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 639 پولیس افسران و جوانوں کو شہر بھر میں اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے جو مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر ڈیوٹی انجام دیں گے۔

ڈی پی او جہلم کے مطابق ون ویلنگ جیسے خطرناک رجحان کے تدارک کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 74 پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کے ذریعے اپنی ڈیوٹیز سر انجام دیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

تفریحی مقامات اور پبلک پلیسز پر بھی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 141 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکار مخصوص پوائنٹس پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایلیٹ فورس کے کمانڈوز الرٹ رہیں گے۔

ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ سفید لباس میں بھی پولیس افسران خفیہ نگرانی پر معمور ہوں گے تاکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک افراد یا کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر 15 پر اطلاع دیں اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں۔

انہوں نے والدین سے بھی گزارش کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں اپنے بچوں کو ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل سے روکیں اور اپنی سماجی ذمہ داری ادا کریں۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ عید کے پرمسرت موقع پر پولیس اہلکار عوام کی خدمت اور حفاظت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنی ڈیوٹیز انجام دیں گے تاکہ شہری پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button