شہری علاقوں میں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سول لائن روڈ، ڈھوک جمعہ روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، کچہری روڈ، تحصیل روڈ سمیت دیگر مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کی ٹیموں سے ملاقات کی اور سڑکوں، گلیوں، چوراہوں اور بازاروں میں جاری صفائی کی سرگرمیوں، کوڑا کرکٹ کی تلفی اور کوڑے دانوں کی تنصیب کے عمل کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود ویسٹ مینجمنٹ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید فعال، مربوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں کچرا پھینکنے کی عادت کی حوصلہ شکنی کے لیے شہر بھر میں مستقل بنیادوں پر کوڑے دان نصب کیے جائیں گے، جن کی باقاعدہ صفائی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

سید محمد میثم عباس نے صفائی کے معیار، عملے کی حاضری اور صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشینری کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ بہتر صفائی نہ صرف عوامی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ شہر کے حسن میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوامی تعاون کے بغیر صفائی کے نظام کو بہتر بنانا ممکن نہیں، لہٰذا شہری بھی صفائی مہم میں اپنا کردار ادا کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ہی پھینکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button