ضلع جہلم میں ریڑھی بازاروں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت توسیع دی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ضلع جہلم میں متعدد مقامات پر قائم ریڑھی بازاروں کو منظم اور مربوط بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریڑھی بانوں کی رجسٹریشن، ان کی منتقلی، اور ریڑھی بازاروں کی توسیع پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ ضلع بھر میں ریڑھی بازاروں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت توسیع دی جائے گی تاکہ شہر میں بے ہنگم کھڑی ریڑھیوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے اور شہری خوبصورتی بھی برقرار رہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ریڑھی بانوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ ان کی تعداد کا درست اندازہ لگایا جا سکے اور ہر ریڑھی بان کو روزگار کا مناسب اور منظم مقام فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مقصد کسی کا روزگار چھیننا نہیں بلکہ شہریوں کو سہولت، ٹریفک کے بہتر نظام اور شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے افسران اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ مل کر اس منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ریڑھی بانوں سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ ان کے تحفظات کو سنا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جگہ جگہ پر ریڑھیاں کھڑی کرنے، پیدل چلنے والوں کی راہ میں رکاوٹ بننے اور بازاروں کی بدصورتی کا باعث بننے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تاہم باقاعدہ ریڑھی بازاروں کی فراہمی سے تمام ریڑھی بانوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔



