دینہ: سندھ کے حصے کے پانی کا ایک قطرہ بھی کم نہیں ہونے دیں گے، بلال اظہر کیانی

دینہ: وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے حصے کا ایک قطرہ پانی بھی کم نہیں ہونے دیں گے۔ نہروں کے مسئلے پر اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ساتھ سیاسی، تکنیکی اور پالیسی سطح پر بیٹھ کر بات کی جائے گی۔
وہ تحصیل دینہ میں میڈیا سے گفتگو اور ایک عوامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی قیادت میں حکومت مہنگائی پر قابو پانے، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے جیسے اہم اقدامات کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسانوں کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دیتی رہی ہے۔ حکومت نے ایگری مالز، کسان کارڈ، اور جدید زرعی تربیت کے اقدامات سے کسانوں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ایک ہزار نوجوانوں کو زرعی تربیت کے لیے چین بھیجا ہے، جو مستقبل میں زرعی شعبے میں انقلاب کا پیش خیمہ ہوں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے 2022 میں معیشت کو سنبھالا دیا، اور اب پیپلز پارٹی کے تعاون سے ترقی کا سفر مزید تیز ہوگا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی یقین دہانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی سے مشاورت کے بعد آگے بڑھا جائے گا۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور علاقے کی ممتاز شخصیات جن میں سابق ایم پی اے راجہ اویس خالد، سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال، چوہدری جاوید بوٹا، شیخ اکرام الٰہی، قاضی نثار، احسان جنجوعہ سمیت علاقہ بھر سے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
دورہ دینہ کے دوران بلال اظہر کیانی نے سابق چیئرمین بلدیہ دینہ مرحوم میاں عنصر محمود کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادے میاں علی عنصر کی جانب سے منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وہ دینہ کی عوام کے پیار اور محبت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

دوسری جانب انہوں نے نکودر چوک سے میرآباد تک بحال کی گئی سڑک کا افتتاح بھی کیا، جسے عوامی سہولت کے پیش نظر مکمل کیا گیا ہے۔ بلال اظہر کیانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہلم کی تقدیر بدلنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔



