رمضان المبارک سے قبل ہی چینی کی قیمت 150 روپے فی کلوگرام کی حد عبور کر چکی ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: ضلع جہلم کی معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ہی چینی کی قیمت 150 روپے فی کلوگرام کی حد عبور کر چکی ہے اور ڈبل سینچری کے قریب پہنچنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے بازاروں میں چینی کی قیمت بے قابو دکھائی دے رہی ہے، جبکہ انتظامیہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز مافیا کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔

سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ 140 روپے فی کلو فروخت ہونے والی چینی رواں ماہ 160 سے 170 روپے تک پہنچ چکی ہے، جس سے عام عوام شدید متاثر ہو رہی ہے۔ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب عوام کے لیے چینی کا حصول مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جبکہ متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

سید خلیل حسین کاظمی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کیا جائے اور گوداموں میں چھپائی گئی اجناس برآمد کروا کر عوام کو سرکاری نرخوں پر فراہم کی جائیں تاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button