متحدہ عرب امارات میں نئی گولڈن ویزہ سکیم شروع کردی گئی

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کی حکومت نے نئی گولڈن ویزہ سکیم شروع کردی۔
خلیج تائمز کے مطابق ابوظہبی میں سپر یاٹ مالکان کے لیے نئی گولڈن ویزہ سکیم کا اعلان کیا گیا ہے، جس کو ابوظہبی میں سرمایہ کاری کرنے اور اس کی تلاش کے لیے ایسے اعلیٰ مالیت والے افراد کو راغب کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، ابوظہبی میں شروع کیا جانے والا یہ نیا اقدام اب دارالحکومت میں سپر یاٹ مالکان کو گولڈن ویزہ فراہم کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی نے ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس اور یاس مرینا کے تعاون سے شروع کیا ہے، جو میرال کے ذیلی ادارے یاس اثاثہ جات کے زیر انتظام ہے، اس سکیم میں اہل یاٹ مالکان کو 10 سالہ یو اے ای گولڈن ویزہ کے لیے نامزد ہونے کا موقع ملے گا، جس سے طویل مدتی رہائش کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، گولڈن ویزہ کے ذریعے یاٹ مالکان امارات کے سرمایہ کاری کے مواقع تک بے مثال رسائی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، یہ اقدام شہر کی سیاحتی حکمت عملی 2030ء کا حصہ ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ 40 میٹر اور اس سے اوپر کے جہاز والے پرائیویٹ یاٹ مالکان، نیز یاٹنگ انڈسٹری کے اہم ایگزیکٹوز، بشمول سی ای او، یاٹ بنانے والی کمپنیوں کے بڑے شیئر ہولڈرز، سنٹرل یاٹ ایجنٹس، یاٹ سروس فراہم کرنے والے اور یاٹ انشورنس فراہم کرنے والے گولڈن ویزہ کے اہل ہیں، نامزد افراد کے خاندان کے افراد بھی اس سکیم میں شمولیت کے اہل ہیں، یاس مرینا اور ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس سرکاری نامزد کرنے والے اداروں کے طور پر کام کریں گے۔



