امارات کے قومی دن پر صارفین کیلئے مفت انٹرنیٹ کا اعلان

دبئی: متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر صارفین کیلئے مفت انٹرنیٹ کا اعلان کردیا گیا۔
اماراتی میدیا کے مطابق ٹیلی کام آپریٹر du نے اپنے صارفین کو متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن کے موقع پر مفت ڈیٹا کی آفر دی ہے، ڈیجیٹل سروس فراہم کرنے والے ادارے نے متعدد خصوصی پیشکشوں اور پروموشنز کا اعلان کیا ہے، جو 28 نومبر سے 4 دسمبر تک دستیاب ہوں گی۔
بتایا گیا ہے کہ یو اے ای میں تمام پوسٹ پیڈ صارفین سات دنوں کے لیے 53 جی بی ڈیٹا مفت حاصل کر سکیں گے، یہ پیشکش 4 دسمبر تک دستیاب ہے، وہ صارفین جنہوں نے پری پیڈ فلیکسی سالانہ پلانز خریدے ہیں یا اس پر سوئچ کیا ہے انہیں مفت 53 جی بی ڈیٹا ملے گا جو ایک سال کے لیے قابل استعمال ہوگا، اس پیشکش سے 31 دسمبر تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہر سال 2 دسمبر کو 1971ء میں امارات کے اتحاد کا جشن منانے کے لیے قومی دن منایا جاتا ہے جسے اب عید الاتحاد قرار دیا گیا ہے، قومی دن کے تقریبات کے دوران توقع ہے کہ آتش بازی سے آسمان کو روشن کیا جائے گا، مالز اور تفریحی مقامات سے لے کر ساحل سمندر اور صحرا تک ہر جگہ قومی پرچم لہرائے جائیں گے، سرکاری تقریب میں ملک کے حکمرانوں اور رہنماؤں کو جمع کیا جائے گا جس کا انعقاد العین میں ہوگا۔
وزارت انسانی وسائل اور اماراتی (MOHRE) نے کہا ہے کہ نجی شعبے کے ملازمین کو 2 اور 3 دسمبر کو پیر اور منگل کے روز پیڈ چھٹیاں ملیں گی، اس کو ہفتہ اتوار کے ویک اینڈ کے ساتھ ملایا جائے تو یہ چار دن کی تعطیلات بنتی ہیں، چھٹیوں کا اعلان ایک سرکلر کے ذریعے سامنے آیا جو 2024ء کے لیے عام تعطیلات کے بارے میں کابینہ کے فیصلے سے ہم آہنگ ہے۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کی حکومت نے وزارتوں اور وفاقی اداروں میں کام کرنے والوں کے لیے بھی ان ہی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، ملک میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے کارکنوں کے لیے ایک متفقہ تعطیل کی پالیسی لاگو کی گئی ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ تمام ملازمین کو سال بھر میں یکساں تعداد میں چھٹیاں ملیں۔



