دینہ پولیس نے منشیات کی سمگلنگ ناکام بنا دی، 2 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد، 4 ملزمان گرفتار

دینہ پولیس نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، دو کروڑ روپے مالیت کی چرس اور افیون برآمد کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان راولپنڈی سے گجرات سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں منشیات سمگل کرنا چاہتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق مخبر کی اطلاع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیر قیادت ڈی ایس پی صدر ندیم طارق کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ دینہ احسان عباس اور ان کی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ملزمان پشاور اور نوشہرہ سے اپنی کار نمبری BBK-192اسلام آباد پر سوار ہو کر مختلف شہروں میں منشیات سپلائی کے لیے آ رہے تھے کہ پولیس تھانہ دینہ کی بھاری نفری نے ڈومیلی موڑ کے مقام پر ناکہ بندی کرتے ہوئے آلٹو کار کو قابو کر لیا، کار کے خفیہ خانوں میں کروڑوں روپے مالیت کی 78کلو گرام چرس اور 33کلو 6سو گرام افیون برآمد کر لی جن کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں محمد ثاقب، امجد مطلوب ، انعام الحق اور محمد عظیم شامل ہیں۔ پولیس نے گاڑی اور منشیات کو تحویل میں لے کر ملزمان کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ چاروں ملزمان کو گرفتار کر کے انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ منشیات فروشی تمام جرائم کی جڑ ہے، حکومت پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایت کے مطابق منشیات کے خاتمے تک یہ جہاد جاری رہے گا۔ ڈی پی او جہلم نے ڈی ایس پی صدر ندیم طارق اور ایس ایچ او تھانہ دینہ اور تمام ٹیم کو بھر پور شاباش دی ، نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ۔



